ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی سب سے بڑی جیت

174

سید پرویز قیصر
ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 143 رنز سے کامیابی حاصل کی جو اس قسم کے کرکٹ میں اسکی سب سے بڑی اور کل ملاکر دوسری سب سے بڑی جیت تھی۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوور میں203 رن بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے سبھی کھلاڑی 13.4 اوور میں60 رن بناکر آؤٹ ہوگئے تھے جسکی بدولت اسے 143 رن سے شکست ہوئی۔
پاکستان کی 143 رنز سے فتح ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔ اس قسم کے کرکٹ میں سب سے بڑی جیت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس ہے جس نے کینیا کے خلاف جوہانسبرگ میں14 ستمبر2007 کو172 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔اس میچ میں سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں6 وکٹ پر 260 رن بنائے تھے۔ یہ تب ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بھی تھا۔ اس وقت یہ دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ آسڑیلیا نے سری لنکا کے خلاف پالے کیلے میں6 ستمبر2016 کو20 اوور میں3 وکٹ پر263 رن بنائے تھے جو اس وقت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مشترکہ طور پر دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ رائل چیلنجرس بنگلور نے پونہ واریرس کے خلاف بنگلور میں23 اپریل2013 کو 20 اوور میں 3 وکٹ پر263 رن بنائے تھے۔
سری لنکا کے اسکور کے جواب میں کینیا کے سبھی کھلاڑی 19.3 اوور میں88 رن بناکر آؤٹ ہوئے تھے اور اس کوٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی جیت درج کرنے کا موقع ملا تھا۔
پاکستان کی اس سے پہلے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی جیت103 رن کی تھی جو اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں30 دسمبر2010 کو حاصل کی تھی۔ اس میچ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ پر 183رن بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کے سبھی کھلاڑی 15.5 اوور میں80 رن بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
ویسٹ انڈیز کی 143رن کی ہارٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی تھی۔ اس سے پہلے اسکی سب سے بڑی ہار119 رنزکی تھی جو اسے نیوزی لینڈ کے خلاف ماونٹ مونگونوئی میں ملی تھی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹ پر 243 رن بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے سبھی کھلاڑی16.3 اوور میں124 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں مقررہ20 اوور میں 5 وکٹ پر203 رن بنائے تھے جو اس کا مشترکہ طور پر سب سے بڑا اسکور ہے۔ پاکستان نے اسی میدان پر20 اپریل2008 کو بالکل یہی اسکور بنایا تھااور میچ 102 رن سے جیتا تھا کیونکہ بنگلا دیش کی پوری ٹیم 16 اوور میں 101 رن بناکر آوٹ ہوئی تھی