حکومت سندھ نے بلدیہ کراچی کو تقررسے روک دیا

206

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ نے بلدیہ کراچی سے گریڈ ایک تا 15 کی اسامیوں پر تقرریوں کے اختیارات بھی واپس لے لیے جبکہ کنٹریکٹ بھرتیوں پر بھی پابندی عاید کردی ہے۔ یاد رہے کہ کے ایم سی نے گزشتہ 2 ماہ قبل گریڈ ایک تا 15 کی مختلف اسامیوں پر تقرریوں کے لیے اشتہارات مختلف اخبارات میں شائع کرائے تھے‘ اشتہارات کے ذریعے ملازمت کے خواہشمند افراد سے درخواستیں طلب کی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ان اشتہارات کا نوٹس لے کر بلدیہ عظمیٰ کو پابند کیا ہے کہ کسی بھی اسامی پر حکومت کی اجازت کے بغیر نئی تقرریاں نہ کی جائیں اور نہ ہی اشتہارات شائع کرائے جائیں۔ حکومت نے میٹرو پولیٹن کمشنر کو لکھے گئے خط میں واضح کیا ہے کہ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی اسامی پر کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھی تقرری نہ کی جائے۔ دوسری طرف گزشتہ5 سال سے کے ایم سی میں نئی بھرتیوں پر پابندی کی وجہ سے متعدد اپر اور لوئر گریڈ کی اسامیاں خالی ہیں جس کی وجہ سے بلدیہ کو مختلف امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے‘ ان مسائل کی وجہ سے میٹروپولیٹن کمشنر نے چند روز قبل حکومت کو نئی تقرریوں کی اجازت کے لیے خط لکھا ہے تاہم تاحال حکومت نے اس خط کا کوئی جواب نہیں دیا۔