کشمیر محض باتوں اور دعووں سے آزاد نہیں ہوگا، نعمان احسن ملک

152

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک اور یوسف گل پراچہ نے کہا کہ کشمیر محض باتوں اور دعووں سے آزاد نہیں ہوگا، اس کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی جائے اور عالمی سطح پر بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو نمایاں کرنے کے لیے مہم چلائی جائے۔ آئندہ بجٹ میں باقاعدہ اس کے لیے رقم مختص کی جائے۔ دینی مدارس کو اپنے لیے خطرہ سمجھنے والا دہشت گرد امریکا منبر ومحراب اور قرآن کو نذر آتش کررہا ہے۔ قندوز مدرسے پر بمباری کر کے امریکا نے 200 سے زیادہ حفاظ قرآن بچوں، اساتذہ اور شہریوں کو شہید کیا مگر بزدل مسلمان حکمرانوں نے اس کی مذمت تک نہیں کی۔ حکمرانوں نے مساجد و مدارس کے حوالے سے اپنا رویہ نہ بدلا تو دین کے ان قلعوں سے اٹھنے والے انقلاب کو کوئی روک نہیں سکے گا۔ امریکا اسلام دشمنی میں پاگل ہوگیا ہے۔ اقوام متحدہ اور نام نہاد عالمی عدالت کا دوغلا کردار اور مجرمانہ خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی دہشت گردی کیخلاف کوئی زبان کھولنے کو تیار نہیں۔