امریکا مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے کے در پے ہے، جماعت اسلامی کے پی کے

229

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی ضلع پشاور کے زیر اہتمام جمعہ کو افغانستان کے صوبہ قندوز میں مدرسے پر ڈرون حملے کے نتیجے میں سو سے زائد حفاظ قرآن کی شہادت اور کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ بعد ازاں نماز جمعہ مسجد مہابت خان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان، تاریخی مسجد مہابت خان کے خطیب شیخ الحدیث حضرت مولانا طیب قریشی کررہے تھے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان، ضلعی صدر جے آئی یوتھ محمد صدیق الرحمن پراچہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور حافظ حمیداللہ، نورغلام آفریدی اور دیگر ذمے داران جماعت اسلامی بھی موجود تھے۔ ریلی کے شرکا نے امریکا اور بھارت کیخلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صابر حسین اعوان، مولانا طیب قریشی، عتیق الرحمن، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری بحراللہ خان، مہر الٰہی اور دیگر قائدین نے کہا کہ افغانستان کے صوبے قندوز میں قرآن و حدیث کی مجلس پر وحشیانہ بمباری نے ثابت کردیا کہ امریکا مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے کے در پے ہے اور اس کے دہشت گردی کیخلاف جنگ کا نعرہ محض فراڈ اور دھوکا ہے۔ امریکا دہشت گردی کیخلاف نہیں بلکہ اسلام کیخلاف صلیبی جنگ لڑ رہا ہے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مدرسے پر امریکی بمباری بدترین مثال ہے، اس وقت امریکا کیخلاف امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، شرم کا مقام ہے کہ امت کے حکمران امریکی مفادات کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ معصوم بچوں اور علم کے مراکز کو نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کرچکا ہے۔ آٹھ لاکھ فوج کشمیریوں کے حق خودارادیت کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔ آج بھی کشمیری مسلمان اپنے وجود کو پاکستان کے ساتھ جوڑنا اپنے لیے فخر سمجھتے ہیں، پاکستان کے عوام کسی بھی موقع پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بھارت اپنی تمام مذموم کوششوں کے باوجود کشمیریوں کے دل بدلنے سے مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے۔ آج کشمیریوں کی تیسری نسل آزادی کشمیرکی جدوجہد کو اپنے خون سے تازہ رکھے ہوئے ہے۔ برہان مظفر وانی جیسے سیکڑوں ہزاروں نوجوان بھارت کے شکنجے سے نجات حاصل کرنے کے لیے تن من دھن کی بازی لگانے کو تیار ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔ لاکھوں افراد کو زخمی اور بیلٹ گنوں سے ہزاروں افراد کو نابینا کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک بھارتی مظالم پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں، دنیا کو اس حوالے سے اپنے دوہرے معیار تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کو جاری رکھیں گے۔ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ اور تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا ہے، جس کی تکمیل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عالمی فورمز اور دوست ممالک کے سامنے ہندوستان کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کرے۔