یوتھ کنونشن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا

187

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آج مینار پاکستان لاہور میں ہونے والا یوتھ کنونشن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، فیصل آباد سے بھی ہزاروں نوجوان اس کنونشن میں شرکت کرکے سرج الحق کی قیادت میں پاکستان کو کرپشن فری اسلامی مملکت بنانے کے لیے جدوجہد کے عزم کا اعلان کریں گے۔ ہر زون سے جانے والے بسوں کے قافلوں کی قیادت زونل امیر اور جے آئی یوتھ کے زونل صدور کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے ہونے والے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ کے ضلعی صدراناعدنان خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان مسلم اُمہ کا عظیم سرمایہ ہیں۔ ان کو مثبت سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں بڑے پیمانے پر نوجوان جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہر سطح پر نوجوان قیادت کو سامنے لا رہی ہے۔ یہی نوجوان آنے والے دنوں میں یونین کونسل سے لے کر صوبائی اور قومی اسمبلی تک عوام کی نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام نتخابات میں ملک کے نوجوانوں کو جس تبدیلی اور انقلاب کا خواب دکھایا جا گیاتھا وہ حقیقت ثابت نہیں ہوسکا۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کے روشن اور تعمیری مستقبل کے لیے بھر پور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی۔ جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں، زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔ حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے۔