نریندر مودی کی حکومت آنے کے بعد سے کشمیر میں ظلم بڑھ گیا ہے

168

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 62 کے امیر حافظ عمیر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے آنے کے بعد سے کشمیر میں ظلم بڑھ گیا ہے، جتنا ظلم بڑھ رہا ہے اتناہی زیادہ تحریک بھی جان پکڑتی جارہی ہے، چاہے 10 سال لگیں یا اس سے زیادہ عرصہ، کشمیر کو ہر حال میں آزاد ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو کشمیر کے حوالے سے نئی حکمت عملی اپنانا ہوگی کیوں کہ 70 سال سے کشمیر کے سلسلے میں جو پالیسی رہی ہے وہ ناکام ہوچکی ہے، ہمیں دنیا میں کشمیر کے حوالے سے جو ہمدردیاں حاصل کرنا تھیں، اس میں ہم ناکام ہوچکے ہیں، کشمیر کے سلسلے میں دنیا میں کوئی ہماری بات سننے کے لیے تیار نہیں ہے، یہ ہماری غلطیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری 70 سال سے خودارادیت کا تسلیم شدہ حق لینے کی جدوجہد کررہے ہیں لیکن بھارت کے وعدوں سے انحراف کے باعث سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ ہوسکا۔ بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا کر آزادی کی تحریک کو کچلنے کی کوشش کررہا ہے، گزشتہ ایک ہفتے میں 20 کشمیریوں کی شہادت بھارت کی بندوق کی نوک پر مسئلہ حل کرنے کی پالیسی کا اظہار ہے، لیکن پھر بھی بھارتی فورسز کے مظالم کشمیریوں کے عزم کو شکست نہ دے سکے۔