بھارت پاکستان میں عدم استحکام کے مکروہ ایجنڈے پر کار بند ہے

112

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن اور دیگر نے بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ معصوم شہریوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مسلسل کئی ماہ سے سرحدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے، امن کے علمبردار ممالک، این جی اوز اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، بھارت کو منہ توڑ جواب نہیں دیا گیا تو اس کے حوصلے بڑھیں گے، پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے ہمراہ اپنے وطن کی حرمت پر کٹ مرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت پاکستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتا ہے، دوسری طرف پاکستانی حکمران بھارت سے تجارت اور دوستی کے لیے بے قرار ہیں، بھارت پاکستان کو عدم استحکام اور انتشار کا شکار کرنے کے لیے اپنے مکروہ ایجنڈے پر کار بند ہے۔ تخریب کاری کے درجنوں واقعات کے پیچھے بھارتی نیٹ ورک کی موجودگی کے تمام ثبوت قومی سلامتی کے اداروں کے پاس ہیں۔