پانی کا نظام کب ٹھیک ہو گا؟

461

کراچی میں یونیورسٹی روڈ کے قریب پانی کی لائن ٹوٹنے اور سڑک پر پانی بہنے کے حوالے سے تمام ہی اخبارات نے خبر شائع کی ہے ۔۔۔ ایسا لگ رہا ہے کہ کراچی میں صرف نیپا پل کے قریب پانی کی لائن ٹوٹی ہے۔۔۔ ممکن ہے اس خبر کی اشاعت سے کسی خاص علاقے کو فائدہ پہنچانا مقصود ہو ورنہ کراچی کے تمام علاقوں میں جگہ جگہ پانی کی لائنیں ٹوٹی ہوئی ہیں ۔ جتنا پانی کراچی کے شہریوں کو لائن کے ذریعے دیا جاتا ہے اس سے کہیں زیادہ ٹوٹی ہوئی لائنوں سے ضائع ہو جاتا ہے جکہ ٹینکروں سے پانی کی فروخت الگ ہو رہی ہے ۔اس خبر کی اشاعت کے ساتھ ہی کے ڈی اے اسکیم ون اور اطراف کی سو سائٹیوں میں پانی کے بحران کی خبر بھی آ گئی ۔۔۔ اب اس ٹوٹی ہوئی لائن کی مرمت کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں کے لیے بھی کوئی خصوصی انتظام ہو گا ۔عام طور پر ایسے واقعات یا حادثات پر ساری تان واٹر بورڈ پر توڑ دی جاتی ہے ۔۔۔ لیکن یہ ایک بڑا چکر ہے ۔ جس میں واٹر بورڈ کے افسران ، لائن مین ،سیاسی تنظیم جو بلدیات میں جڑیں بنا چکی ہے‘ بہت سے بلڈرز اور دیگر مفاد پرست شامل ہیں ۔ پانی کا مسئلہ صرف دو چار علاقوں میں نہیں ہے ۔ پورا گلشن اقبال ، محمود آباد ،پی ای سی ایچ ایس، گلستان جوہر ، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، لیاری ، پیر آباد ، سائٹ وغیرہ بری طرح متاثر ہیں ۔ کراچی میں درجنوں مقامات ایسے ہیں جہاں 24 انچ یا اس سے بڑی لائنوں میں با قاعدہ سوراخ کر کے رساؤ کیا گیا ہے جہاں سے پانی فروخت کے لیے بھی لیا جاتا ہے ۔ رکشے ، سوزوکیاں اور کچی آبادی کے لوگوں کے کپڑے ،برتن وغیرہ دھلتے ہیں ۔ بچے نہاتے ہیں ۔ انسانی فضلہ اسی گڑھے میں گرتا ہے اور ناغے کے نظام کی وجہ سے جب پانی بند ہوتا ہے تو وہ یہ سارا آلودہ پانی لائن میں مل جاتا ہے ۔ اگلے دن فراہمی کے وقت صاف پانی باہر آتا ہے اور آلودہ پانی گھروں کی لائنوں میں جاتا ہے ۔ ایک جانب یہ صورت ہے اوردوسری جانب عوام واٹر بور ڈکے معمولی بل بھی ادا نہیں کر رہے ۔ ان پر کے الیکٹرک کی طرح کی کوئی نجی کمپنی مسلط ہو گئی تو بڑی شرافت سے تین چار گنا زیادہ بل ادا کردیں گے لیکن کراچی کے بیشتر صارفین واٹر بورڈ کے بل ادا نہیں کرتے۔۔۔ کیا یہ بات سکھانے کے لیے واٹربورڈ کی بھی نجکاری کر دی جائے۔۔۔ یہ واٹر کمیشن انکشافات، ہدایات اور نوٹس تو لے رہا ہے لیکن اب تک کہیں پانی کی لائنوں کے رساؤ کو روکنے ، صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات اور پانی کی قلت دور کرنے کے آثار نہیں ہیں۔۔۔ چیف جسٹس نے تین ماہ میں ٹینکر مافیا سے نجات کی بات کی تھی ۔۔۔ دیکھتے ہیں کون زیادہ طاقتور ہے ۔ ٹینکر مافیا بھی محض ٹینکر والے نہیں ہوتے۔۔۔ ان کے کھونٹے بہت مضبوط ہوتے ہیں ۔