بلاول زرداری کالیاقت باغ سے انتخابی مہم کے آغا ز کا فیصلہ

87

راولپنڈی(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی آئندہ عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز راولپنڈی سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری لیاقت باغ میں اپنی والدہ و سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت سے انتخابی مہم کا آغا زکریں گے جس کے تحت وہ بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر حاضری دینے کے ساتھ لیاقت باغ میں پہلے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس امر کا فیصلہ پارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ سینیٹروں سمیت پارٹی کی مرکزی سطح کی قیادت کو بھی آئندہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے امیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں اتارا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی عامر فدا پراچہ کوسابق صدرو پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کا مرکزی ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جبکہ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹرمصطفی نواز کھوکھر کو بھی مرکز میں اہم ذمے داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔