پنجاب کی شوگر ملوں کو عدالت کے فیصلے کا پابند بنایا جائے‘ میاں مقصود

412

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے لاہور ہائی کورٹ کے حالیہ حکم پر شوگر مل بھلوال سرگودھا سے 180 روپے فی من گنے کی ادائیگی کروانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ عدالت عالیہ نے غریب کسانوں کو انصاف فراہم کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اب جماعت اسلامی پنجاب کی رٹ پر لاہور ہائی کورٹ کے شوگر مل مالکان کو ایک ماہ کے اندر اندر180روپے فی من گنے کی خریداری کو یقینی بنانے کے فیصلے پر پنجاب بھر میں بھی مکمل عمل درآمد ہوگا اور دیگر شوگر ملیں بھی عدالتی احکامات پر فوری عمل کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کی وجہ سے غریب کسان پس رہے ہیں۔ گنے کے بعد اب گندم کی فصل بھی تیار کھڑی ہے مگر حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف فراہم نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 47 شوگر ملوں کے مالکان نے کسانوں کے اربوں روپے کے واجبات سالہاسال سے دبارکھے ہیں اور ان کو سابقہ ادائیگیاں نہیں کی جارہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ شوگر ملیں کسانوں کے اربوں روپے کے واجبات فوری ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں جماعت اسلامی پنجاب کی طرف سے بذریعہ سیف الرحمن جسرہ ایڈووکیٹ عدالت عالیہ لاہور میں حکومت پنجاب اور شوگرملز مالکان کیخلاف کیس دائر کیا گیا تھا کہ پنجاب کے غریب کسانوں کا ناجائز استحصال کیا جارہا ہے اور ان کو 180 روپے فی من کے حساب سے سرکاری ریٹ نہیں دیا جارہا۔ جس پر کافی بحث اور دلائل سننے کے بعد بالآخر جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکومت پنجاب خصوصاً چیف سیکرٹری پنجاب اور کین کمشنرپنجاب کوحکم دیاکہ سرکاری نرخ 180 روپے فی من کے حساب سے پنجاب کے تمام گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی یقینی بنوائی جائے اور تیس دن کے اندر اندر عدالت عالیہ کواس فیصلہ پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ اس کے بعد بھی حکومت پنجاب اور شوگرملز مالکان نے اپنی من مانی جاری رکھی اور غریب کسانوں کو لوٹنے کاسلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ شوگر مل مالکان عدالتی فیصلے کے مطابق 180 روپے فی من گنے کی خریداری کو یقینی بنائیں۔ گندم کا باردانہ اوپن کیا جائے اور حکومت 40 لاکھ ٹن کے بجائے 60 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا اعلان کرے۔ گندم اور آلو کی فصلوں کو برآمد کرنے کی بھی اجازت دی جائے تاکہ کسان مشکلات سے نکل کر خوشحالی کا سفر طے کرسکیں۔