نیند نہ پوری کرنے کے نقصانات

241

ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو بالغ افراد چھ گھنٹے سے بھی کم سوتے ہیں ان کے موٹے ہونے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔تحقیق میں بتایاگیا ہے کہ نیندکی کمی آپ کی جسمانی خوبصورتی، مزاج، صحت غرض ہر چیز پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔تاہم محققین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی سے جسم و ذہن پر طاری ہونے والی تھکاوٹ جسمانی وزن میں اضافے اور بیماریوں کے خلاف جسم میں سرگرم مدافعتی نظام کوکمزور کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ چھ گھنٹے سے کم نیند چہرے پر جھریوں کا باعث بنتی ہے اورآنکھوں کے گرد حلقے بھی بدنمائی میں اضافہ کردیتے ہیں مگر زیادہ وقت تک جاگنے کے نتیجے میں جسمانی میٹابولزم کی رفتار سست ہوتی ہے اور کھانا ہضم نہیں ہوپاتا جبکہ آپ مزید کیلیوریز مسلسل جسم کا حصہ بنارہے ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں موٹاپا خودکار طور پر آپ کو شکار کرلیتا ہے۔خیال رہے کہ اس سے پہلے یورپیئن سوسائٹی آف کارڈیالوجی کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ نیند کی کمی سے مردوں میں دل کے دورے یا فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ بلڈپریشر میں اضافہ ہوتا ہے۔