عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، عمیر فاروق

194

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 62 کے امیر حافظ عمیر فاروق، مولوی صادق علی، راؤ شیر افگن، رانا عدنان خاں، راؤ محمد سرور اور دیگر نے کہا ہے کہ اس مہنگائی کے دور میں جہاں غریبوں کے لیے دو وقت کی روٹی کما کر اپنے بچوں کو کھلانا مشکل ترین کام ہوگیا ہے، وہاں ایسے میں علاج معالجے کی سہولیات ان کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے ادویات کی قیمتوں میںآئے روز اضافہ کر دیا جاتا ہے، جس کا نقصان غریب عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام کا غیر معیاری ادویات سے واسطہ پڑتا ہے تو دوسری طرف آئے دن ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ان کو بیمار کردیتا ہے۔ گزشتہ ایک سال سے 100 فیصد سے زیادہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے مگر حکومت کی طرف سے ڈرگ ریگولیٹری اور ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ ادویات کی قیمتوں کے بارے میں کوئی قانون سازی نہیں کی گئی۔ مختلف عارضوں میں مبتلا غریب اور بیمار مریض سستی ادویات سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں اور حکومت اس حوالے سے بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی کے لیے اقدامات کرے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو سستی اور معیاری جان بچانے والی ادویات میسر ہوں۔