صفائی کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ،عنایت اللہ خان

173

پشاور (وقائع نگارخصوصی)سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صفائی موجودہ حکومت کا ترجیح اول اور سب سے اہم ایجنڈا ہے ۔ عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لیے صفائی کے شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ جنوبی ایشیا کے سارک ممالک کے مسائل ایک جیسے ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہے ۔ عوامی خوشحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور صاف ستھرا ماحول پید ا کرنے میں سارک ممالک کا باہمی تعاون ناگزیر ہے ۔ ہماری ذمے داری ہے کہ آنے والے نسلوں کے لیے ایک صاف ماحول فراہم کریں ۔ وہ اسلام آباد میں جنوبی ایشیا تنظیم سارک کے زیر اہتمام سیف سینی ٹیشن کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرر ہے تھے ۔ کانفرنس میں انڈیا ، بوٹان ، افغانستان ، سری لنکا ، بنگلا دیشن ، مالدیپ اور عالمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے سارک ممالک کے نمائندوں کو صوبہ خیبرپختونخوا میں سینی ٹیشن کے حوالے ہونے والے اقدامات اور اصلاحات کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ بھی دی ۔ سینئرو زیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں صفائی کی صورت حال یقینی بنانے اور عوام میں اس بارے میں آگاہی پیداکرنے کیلیے نہ صرف عملی اقدامات اٹھائے بلکہ صفائی ستھرائی کیلیے جدید مشینری استعمال کرکے صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جارہا ہے اور صوبہ بھر میں صفائی کیلیے کارپوریٹ طرز پر ادارے بھی قائم کیے گئے ہیں۔ عنایت اﷲ نے کہا کہ صفائی اسلامی فریضہ ہے، لوگوں کو بھی اپنے رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرور ت ہے کیونکہ آج اسلامی اقدار کو غیر مسلموں نے اختیار کرکے اپنی زندگیوں کو بہتر بنایا اور آج دیار غیر میں لو گ صفائی ستھرائی اور وقت کی پابندی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں جس کی وجہ سے یہ اقوام مسلسل ترقی کرتی جارہی ہیں۔