قوم کا اعتماد حاصل ہے، اسی لیے دشمن کے تمام حربے ناکام ہوئے ،آرمی چیف

377

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کو قوم کا اعتماد حاصل ہے اس لیے دشمن کے تمام حربے ناکام ہوئے، دشمنوں کی ہر چال کو شکست دی اور ان شاہ اللہ آئندہ بھی دیں گے، ردالفساد صرف آپریشن نہیں ایک نظریے کا نام ہے، پاکستان نے اپنی سرزمین سے تمام دہشت گردوں کی منظم موجودگی کا خاتمہ کردیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں امن مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ ملٹری اکیڈمی کاکول میں پی ایم اے کے 137 ویں لانگ کورس، 8ویں مجاہد کورس اور 56 ویں انٹی گریٹڈ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کی ہر چال کو شکست دی اور ان شا اللہ آئندہ بھی شکست دیں گے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں فاٹا کے 31، بلوچستان کے 67 اور سعودی عرب کے 6 کیڈٹس بھی شامل تھے۔آرمی چیف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور 137 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر سید حسنین علی کو شاندار پرفارمنس پر اعزازی شمشیر سے نوازا۔ان کا کہنا تھا کہ پاس ہونے والے کمیشنڈ ایسے وقت میں پاکستان آرمی کا حصہ بن رہے ہیں جب ملک کو روایتی اور غیر روایتی دونوں محاذوں پر چیلنجز درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کمانڈ اور قیادت کا نظریہ سب سے زیادہ توقعات کا مطالبہ کرتا ہے کیونکہ آپریشنز کی گرمی میں آپ کے ماتحت لوگ آپ کی جانب دیکھ رہے ہوتے ہیں جہاں آپ کو کمانڈر سے زیادہ ایک لیڈر کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔سربراہ پاک فوج نے کہا کہ ہمارا دشمن جانتا ہے کہ وہ ہمیں جنگی محاذ پر شکست نہیں دے سکتا اس لیے وہ ہمارے خلاف ’ہائبرڈ جنگ‘ کر رہا ہے، دشمن ہمیں اندر سے کمزرو کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمنوں کی ہر چال کو شکست دی اور آئندہ بھی شکست دیں گے کیونکہ ہمیں قوم کی بھرپور اور مکمل حمایت حاصل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین سے منظم دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا ہے اور بچے ہوئے دہشت گردوں کا آپریشن ردالفساد کے ذریعے پیچھا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ردالفساد صرف آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریے کا نام ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل سیاسی و اخلاقی حمایت کرتا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے امن پسند شہریوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بین الاقوامی برادری کے لیے بہترین وقت ہے کہ وہ جاگے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو امن فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اس بات پر مکمل یقین ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت تمام تنازعات بامقصد مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیے جا سکتے ہیں، یہ مذاکرات کسی ایک فریق کے حق میں نہیں بلکہ پورے خطے میں امن کے لیے اہم ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات پر برابری کی سطح پر بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم ہر فورم پر افغان امن عمل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں اور ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں امن قائم نہیں ہو سکتا اس لیے ہمیں امن کے حصول کے لیے اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے ان کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔