جماعت اسلامی کی جسٹس اعجازالاحسن کی رہائش گاہ پر حملو ں کی مذمت

138

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے عدالت عظمیٰ کے جسٹس اعجازالاحسن کی رہائش گاہ پر دوبارحملو ں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کو احتساب کی راہ میں اثراندازہونے کی کوشش قراردیا ہے۔اپنے بیان میں رہنما جماعت اسلامی نے کہاکہ عدلیہ نے کرپشن کے مگرمچھوں پرہاتھ ڈال کرعوام کی ترجمانی کی ہے ۔ 70 برسوں سے ملک میں لوٹ مارکرکے بیرون ملک سرمایہ جمع کرنے والے ملک وقوم سے مخلص نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ مافیا کے خلاف فیصلوں کے بعد ’’آپ اورآپ کے بچوں پرزمین تنگ کردیں گے ‘‘جیسے بیانات دینے والے عناصراس حملے کے بعد اپنی پوزیشن واضح کریں ،جماعت اسلامی کا شروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ کرپٹ عناصر کوبے نقاب کرکے کٹہرے میں لایا جائے پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے کرداروں کااحتساب بھی ناگزیرہے ۔ لوٹ مارکرنے والے ٹولے نے حکمرانی کے نام پرعوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا ،پینے کا صاف پانی ،تعلیم ،صحت اورروزگار سمیت بنیادی ضروریات عوام کو میسرنہیں ایسے حالات میں آئندہ الیکشن میں عوام ایسے بددیانت اور نااہل سیاستدانوں کو مسترد کرکے اپنی ووٹ کی طاقت ان لوگوں کے پلڑے میں ڈالیں جن کا ماضی اور حال شفاف ہے عوام نے جس سطح پر بھی ان پرحکمرانی کے حوالے سے اعتماد کیا انہوں نے وسائل نہ ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف پہنچایا ۔ امیرضلع نے مطالبہ کیا کہ جسٹس اعجازالاحسن پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فی الفورگرفتارکیا جائے ۔