بھارتی درندہ صفت فوجی آصفہ جیسی بچیوں کی بے حرمتی کررہے ہیں، میاں مقصود

75

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا بیان خوش آئند ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت اور 22 کروڑ غیور عوام کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی درندہ صفت فوجی آصفہ جیسی معصوم بچیوں کی بے حرمتی کررہے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عالمی برادری، نام نہاد این جی اوز اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک کیوں آنکھیں بند کرکے بیٹھے ہوئے ہیں۔ آئے روز ایسے درجنوں واقعات پورے ہندوستان اور مقبوضہ کشمیر میں ہورہے ہیں جن سے ثابت ہوجاتا ہے کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے جہاں خواتین اور معصوم بچیوں کی عزت و آبرو تک محفوظ نہیں۔ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازشیں کررہی ہیں اور ان مذموم کاوشوں میں انہیں بھارتی حکومت کی مکمل آشیرباد حاصل ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے تین کروڑ عوام خود کو پاکستان کے وجود کا حصہ تصور کرتے ہیں۔ کشمیری شہدا پاکستانی پرچموں میں دفنایا جانا پسند کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان ہندوستان کے اوچھے اور پرتشدد ہتھکنڈوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات کرنے اور دوستی کے خواب دیکھنے والے درحقیقت احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے خالی نہیں جانے دیا۔ بھارت مذاکرات کے نام پر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکتا رہا ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ طاقت کے توازن کو برقرار رکھا جائے۔ خطے میں بھارت کو چودھراہٹ دینا امریکا کی گہری سازش ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ جنوبی ایشیا کے حالات خراب رہیں اور خطے میں امن قائم نہ ہوسکے۔