عدلیہ نے کرپشن کے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈال کر عوام کی ترجمانی کی

121

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک، یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے جسٹس اعجازالحسن کی رہائش گاہ پر دوبار حملو ں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کو احتساب کی راہ میں اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیا ہے۔ عدلیہ نے کرپشن کے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈال کر عوام کی ترجمانی کی ہے۔ 70 برسوں سے ملک میں لوٹ ما رکرکے بیرون ملک سرمایہ جمع کرنے والے ملک وقوم سے مخلص نہیں ہیں۔ کرپٹ مافیا کیخلاف فیصلوں کے بعد ’’آپ اور آپ کے بچوں پر زمین تنگ کردیں گے‘‘ جیسے بیانات دینے والے عناصر اس حملے کے بعد اپنی پوزیشن واضح کریں۔ جماعت اسلامی کا شروع دن سے یہ مؤقف رہا ہے کہ کرپٹ عناصر کو بے نقاب کرکے کٹہرے میں لایا جائے، پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے کرداروں کا احتساب بھی ناگزیر ہے۔ لوٹ مار کرنے والے ٹولے نے حکمرانی کے نام پر عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا، پینے کا صاف پانی، تعلیم، صحت اور روزگار سمیت بنیادی ضروریات عوام کو میسر نہیں، ایسے حالات میں آئندہ الیکشن میں عوام ایسے بددیانت اور نااہل سیاستدانوں کو مسترد کرکے ووٹ کی طاقت ان لوگوں کے پلڑے میں ڈالیں جن کا ماضی اور حال شفاف ہے۔