بھارت کو منہ توڑ جواب نہ دیا گیا تواس کے حوصلے بڑھیں گے

127

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی طرف سے سرحد پار کرنے کی دھمکی پر آرمی چیف کی طرف سے بھر پور جواب دینے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب نہ دیا گیا تواس کے حوصلے بڑھیں گے، آرمی چیف نے پوری قوم کی ترجمانی کی ہے، پاکستان کا بچہ بچہ اپنے وطن کی حرمت پر کٹ مرنے کو تیار ہے۔ بھارت پاکستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبو تاژ کرنے کے لیے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتا ہے جبکہ پاکستانی حکمران بھارت سے تجارت اور دوستی کے لیے بے قرار ہیں ۔ بھارت کی انتہا پسندانہ سوچ اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے تیسری عالمی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہوکر کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ بھارت پاکستان کو عدم استحکام اور انتشار کا شکار کرنے کے لیے اپنے مکروہ ایجنڈے پر کاربند ہے۔ تخریب کاری کے درجنوں واقعات کے پیچھے بھارتی نیٹ ورک کی موجودگی کے تمام ثبوت قومی سلامتی کے اداروں کے پاس ہیں امریکا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جنوبی ایشیا میں بھارت کو چین کے مدمقابل کھڑاکرکے چودھراہٹ قائم کرنا چاہتا ہے۔ ایک جانب بھارت مسئلہ کشمیر کے لیے مذاکرات کی بات کررہا ہے تو دوسری جانب کھلم کھلا دھمکیاں اور ہمارے سفارتکاروں اور ان کے اہل وعیال کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ خطے میں طاقت کا عدم توازن بلاشبہ ہمسایہ ممالک کے لیے تشویش ناک ہے۔