بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کرچکا ، رانا طہٰ

153

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی70کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور، رانا نذیر خاں، الطاف الرحمن، ڈاکٹر عبدالعلیم، طارق سرورنے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا بیان خوش آئند ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت اور 22 کروڑ غیور عوام کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کرچکا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی درندہ صفت فوجی آصفہ جیسی معصوم بچیوں کی بے حرمتی کررہے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عالمی برادری، نام نہاد این جی اوز اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک کیوں آنکھیں بند کرکے بیٹھے ہوئے ہیں۔ آئے روز ایسے درجنوں واقعات پورے بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں ہورہے ہیں جن سے ثابت ہوجاتا ہے کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے جہاں خواتین اور معصوم بچیوں کی عزت و آبرو تک محفوظ نہیں۔ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازشیں کررہی ہیں اور ان مذموم کاوشوں میں انہیں بھارتی حکومت کی مکمل آشیرباد حاصل ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے تین کروڑ عوام خود کو پاکستان کے وجود کا حصہ تصور کرتے ہیں۔ کشمیری شہدا پاکستانی پرچموں میں دفنایا جانا پسند کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان بھارت کے اوچھے اور پرتشدد ہتھکنڈوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔