راؤ انوار کیس، ترتیب درست کرلیں

324

سابق ایس ایس پی ملیر انکاؤنٹر اسپیشلسٹ راؤ انوار کے خلاف کسی مقدمے کی سماعت اور تفتیش ہو یا نہ ہو ان پر ہونے والے مبینہ خودکش حملے کی تحقیقات کا آغاز ہوگیا ہے۔ تفتیش تو ہر چیز ہر جرم کی ہونی چاہیے لیکن بعض حساس نوعیت کے معاملات میں ترتیب کی بڑی اہمیت ہے۔ راؤ انوار کو نقیب اﷲ کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ لیکن اس سے پہلے کہ جے آئی ٹی کوئی تحقیقات کرے، کوئی رپورٹ دے، نقیب اﷲ قتل کے تین روز بعد ہونے والے پر اسرار مبینہ حملے کی تحقیقات شروع ہوگئی۔ ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ لیکن اگر تحقیقات کے نتیجے میں یہ ثابت کردیاگیا کہ یہ حملہ نقیب اﷲ کے قتل کے رد عمل میں اس کے ساتھیوں نے کیا تھا تو پھر ان کی تلاش اور گرفتاری شروع ہوجائے گی۔ اور اگر یہ ثابت کردیاگیا کہ حملہ آور نقیب اﷲکے کسی مبینہ گروہ کے لوگ تھے جن سے پہلے بھی مقابلہ ہوا تھا جس میں نقیب اﷲ ہلاک ہوگیا تو بھی راؤ انوار کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ لہٰذا پہلے نقیب اﷲ قتل کیس اس کے مقابلے وہاں راؤ انوار کی موجودگی اس قتل کے احکامات دینے والے افراد کا تعین وغیرہ کیا جائے بعد میں ہونے والے واقعات کو بعد میں زیر تحقیق لایاجائے۔