پاکستان علاقائی تعاون اور امن کیلیے کرداراداکرتا رہیگا‘آرمی چیف

333

راولپنڈی ( آن لائن ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ علاقائی تعاون، امن اوراستحکام کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جی ایچ کیومیں ازبکستان کے صدر کی زیرنگرانی کام کرنے والی سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل محمدوف وکٹر ولادی میرووچ کی قیادت میں ازبکستان کے حکومتی وفد سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اورعلاقائی
استحکام کے لیے پاک فوج کی مخلصانہ کوششوں اورقربانیوں کا اعتراف کیا اوراسے سراہا۔ازبکستان کے وفد نے تجارت، رابطہ کاری، سلامتی اورافواج کے مابین تعاون سمیت تمام شعبوں میں دونوں برادرممالک کے درمیان تعلقات اورتعاون سے استفادہ کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے وفد کے جذبات پران کاشکریہ اداکیا اور امن کے لیے تمام اقدامات میں پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون اورحمایت کا یقین دلایا۔