پاکستان کی تعمیر کے لیے دینی جماعتوں کا اتحاد باعث برکت ہوگا

128

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 62 کے امیر حافظ عمیر، جنرل سیکرٹری رانا عدنان خاں نے کہا ہے کہ دولت کی بنیاد پر عوام کی گردنوں پر سوار حکمران سیاسی اور معاشی دہشت گرد ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو یرغمال بنارکھاہے۔ دو فیصد اشرافیہ 98 فیصد عوام پر حکمرانی کررہی ہے۔ ایساپاکستان چاہتے ہیں جس کا دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ نام ہو اور کسی کے سامنے ہمیں ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔ الیکشن میں اربوں روپے خرچ کرنے والے الیکشن اور عوام کی مجبوریوں کو خریدتے ہیں اور پھر ایوانوں میں جا کر قومی دولت لوٹتے ہیں ان کے لیے الیکشن ایک کاروبار اور سیاست ایک تجارت ہے جس میں اربوں لگا کر کھربوں کماتے ہیں۔ نظام کی باگ ڈور عوام کے مسائل کو سمجھنے اور امت کا درد رکھنے والوں کے ہاتھوں میں دینے کی ضرورت ہے۔ موجودہ وقت کی ضرورت ہے کہ انتخابات میں ایمان دار اور کرپشن سے پاک قیادت سامنے آئے۔ ایم ایم اے کی بحالی مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔ نظریہ پاکستان کے تحفظ، دینی و اخلاقی اساس کے تحفظ اور خوشحال، اسلامی اور فلاحی پاکستان کی تعمیر کے لیے دینی جماعتوں کا اتحاد باعث برکت ہوگا۔