نفاذ نظام مصطفی کے سوا امن و انصاف کا اور کوئی راستہ نہیں

135

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ایم ایم اے کے نومنتخب ضلعی سینئر نائب صدر انجینئر عظیم رندھاوا نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد 2018ء کے انتخابات میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گا، ملک اس وقت چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہوا ہے، صرف دینی جماعتوں کی دیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے، نفاذ نظام مصطفی کے سوا امن و انصاف کا اور کوئی راستہ نہیں، پاناما، دبئی اور لندن لیکس اور قرضے معاف کروانے والوں کی فہرستوں میں کسی دینی جماعت کے رہنما کا نام نہیں آیا، آئندہ عام انتخابات میں سیکولر و لبرل سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں اسلام و نظریہ پاکستان کی محافظ دینی قوتیں ہی فتح یاب ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ علما کرام متحد ہو کر قوم کی ڈوبتی ناؤ کو کنارے لگاسکتے ہیں،ہم دنیا کو اسلام کے مطابق امن ، ترقی و خوشحالی اور عدل و انصاف کے اصول بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ یا سابقہ حکومتوں میں رہنے والوں کے اندر یہ صلاحیت نہیں کہ وہ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ پر درپیش مسائل سے نکال سکیں۔ اقتدار کی باریاں لینے، پارٹیاں بدلنے اور قومی دولت لوٹنے والوں سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔ انتخابات میں عوام صاف ستھرے امیدواروں کو منتخب کر کے ملک سے کرپشن کی جڑوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ پھینکیں گے۔