بھتا خوری کی بڑھتی وارداتیں انتظامیہ کے لیے لمحہ فکر ہیں

135

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طہٰ نے کہا ہے کہ شہر میں بھتا خوری کی بڑھتی وارداتیں سیکورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے لیے لمحہ فکر ہیں۔ انتظامیہ چند افراد کو پروٹوکول دینے میں مصروف عمل ہے اور شہرفیصل آباد جرائم کی آماج گاہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن کا اجالا ہو یا رات کا اندھیرا جرائم پیشہ افراد سے کسی بھی وقت کہیں بھی کوئی محفوظ نہیں رہا۔ پنجاب پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے جرائم اور جرائم پیشہ افراد کی کارروائیوں کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ شہر ی روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرائم جیسی وارداتوں سے دور چار ہورہے ہیں۔ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی شرح جس تیزی سے بڑھتی جارہے ہیں، اس سے پنجاب پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں سیکورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔