ایم ایم اے کی بحالی مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے گی، احسن ملک

61

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک، جنرل سیکرٹری محمد بلال انور، یوسف گل پراچہ، اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہا ہے کہ دولت کی بنیاد پر عوام کی گردنوں پر سوار حکمران سیاسی اور معاشی دہشت گرد ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ دو فیصد اشرافیہ 98 فیصد عوام پر حکمرانی کررہی ہے۔ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس کا دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ نام ہو اور کسی کے سامنے ہمیں ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔ الیکشن میں اربوں روپے خرچ کرنے والے الیکشن اور عوام کی مجبوریوں کو خریدتے ہیں اور پھر ایوانوں میں جا کر قومی دولت لوٹتے ہیں، ان کے لیے الیکشن ایک کاروبار اور سیاست ایک تجارت ہے جس میں اربوں روپے لگا کر کھربوں کماتے ہیں۔ موجودہ وقت کی ضرورت ہے کہ انتخابات میں ایمان دار اور کرپشن سے پاک قیادت سامنے آئے۔ ایم ایم اے کی بحالی مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔ نظریہ پاکستان کے تحفظ، دینی و اخلاقی اساس کے تحفظ اور خوشحال، اسلامی اور فلاحی پاکستان کی تعمیر کے لیے دینی جماعتوں کا اتحاد باعث برکت ہوگا۔