لاہور، جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت 60 خاندانوں میں جہیز پیکج تقسیم

135

لاہور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان امیر العظیم نے جوہر ٹاؤن لاہور میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین پی پی 160 کے تحت ساٹھ خاندانوں میں جہیز پیکیج تقسیم کیے ۔ جہیز پیکیج سے مسیحی خاندانوں نے بھی استفادہ کیا ۔ امیر العظیم نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جو کام حکومت کے کرنے کے ہیں ، وہ جماعت اسلامی سر انجام دے رہی ہے جبکہ حکومتوں کا کام صرف عوام کی مشکلات میں اضافہ کرناہی رہ گیاہے ۔ انہیں ریلیف دینے اور عوامی خدمت کرنے سے حکمران کوسوں دور ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو صحت عامہ ، تعلیم ، پینے کے صاف پانی کی سہولت ان کی دہلیز تک پنچانے میں حکومت ناکام رہی ہے جبکہ جماعت اسلامی اپنے پلیٹ فارم پر اپنی استطاعت کے مطابق اہل خیر کے تعاون سے ملی خدمت سر انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی خدمت بلا رنگ و نسل اور سیاست سے بالاتر ہو کر کرتی ہے ۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ قوم آئندہ انتخابات میں ان محب وطن لوگوں کو ووٹ دے گی جو ان کے دکھ سکھ میں شریک ہوتے ہیں ۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کا منشور عوام کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود ہے ۔ نیکی اور فلاح و بہبود کے کاموں میں جماعت اسلامی کاکردار لائق تحسین ہے۔