اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم کا کردار مثالی ہونا چاہیے

134

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک، یوسف گل پراچہ، محمد بلال انور، میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وزیراعظم مثالی کردار کا ہونا چاہیے، وہ صادق اور امین ہو مگر بدقسمتی سے ہمیں ایسا کوئی حکمران میسر نہیں آیا جو صادق اور امین ہو، جو بھی اقتدار میں آیا اس نے سوائے اپنی جیبیں بھرنے کے کچھ نہیں کیا۔ اگر سربراہ کرپٹ ہوگا تو اپنے نیچے کرپشن کیسے ختم کرے گا، اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ووٹ ڈالتے وقت قوم یہ ضرور دیکھے کہ جس شخص کو ہم ووٹ دے رہے ہیں وہ صادق اور امین ہے، کیا وہ طاقت کے نشے میں من مانیاں تو نہیں کرنے لگے گا، کیا وہ غریبوں کا حق تو نہیں کھائے گا، کیا وہ شریعت کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق وہ واحد شخصیت نظر آتے ہیں جو ان شرائط پر پورا اترتے ہیں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں تاکہ ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہوسکے۔