سیکولر حکمراں 70 سال میں صاف پانی تک نہ دے سکے ، سینیٹر مشتاق خان

195
شانگلہ ،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان اجتماع برائے ارکان و کارکنان سے خطاب کررہے ہیں
شانگلہ ،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان اجتماع برائے ارکان و کارکنان سے خطاب کررہے ہیں

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات سے ثابت ہوگیا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس سارے کھوٹے سکے ہیں، انمول ہیرے صرف جماعت اسلامی کے پاس ہیں، سینیٹ انتخابات نے سیاستدانوں کو بے نقاب کردیا ہے، سینیٹ انتخابات میں پورے کے پورے اصطبل فروخت ہوئے۔ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کا 60 کروڑ فروخت ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ جن جماعتوں کے ممبران اسمبلی نے اپنے اوپر برائے فروخت کا بورڈ لگایا وہ جماعتیں تبدیلی نہیں لاسکتیں۔ بکنے والے سیاستدان امریکا اور بھارت سے زیادہ خطرناک ہیں۔ حکومت امریکی خوف سے اسلام آباد کے نوجوان عتیق بیگ کے قاتل کرنل جوزف کو گرفتار نہیں کررہی۔ کرنل جوزف کوگرفتار کیا جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی پر پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزراء اعلیٰ کو نالائقی کا سرٹیفکیٹ دے دیا ہے۔ اسٹیٹس کو، لبرل اور سیکولر جماعتیں ستر سال میں عوام کو صاف پانی تک نہ دے سکیں۔ ملک میں تبدیلی اور انقلاب صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے۔ عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے لبرل ازم اور سیکولر ازم کا جنازہ نکالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گانوڑی تحصیل پورن ضلع شانگلہ میں اجتماع عام برائے ارکان و کارکنان سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شانگلہ نجم اللہ، فدا محمد اور دیگر نے خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے کرپٹ ٹولے اور مافیا کے خلاف فیصلے عوام کے دلوں کی آواز ہیں۔ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور مافیا کیخلاف عدلیہ کے دفاع میں آخری حد تک جائیں گے۔ عدلیہ نے سیاست کے گند کو صاف کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ چیف جسٹس سینیٹ انتخابات میں ہونے والی خرید و فروخت پر بھی سوموٹو ایکشن لیں، جماعت اسلامی عدلیہ کی پشت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے جماعت اسلامی کو امانت و صداقت کا سرٹیفکیٹ دیا اور سینیٹ الیکشن نے ثابت کردیا کہ صرف جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی ہیں جو فروخت نہیں ہوسکتے۔ ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی سروے رپورٹس نے صرف جماعت اسلامی کو جمہوری جماعت قرار دیا ہے۔ جماعت اسلامی ہی ملک میں تبدیلی لاسکتی ہے اور ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔