چودھری فواد دوسروں پر کیچڑ اچھالنے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکیں

87

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری کے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے بارے میں بیان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ فواد چودھری سینیٹر سراج الحق جیسے بلند کردار سیاست دان پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، فواد چودھری جیسے لوگوں کا اپنا کوئی ٹھکانہ نہیں، انہیں بڑی بڑی باتیں منہ سے نہیں نکالنی چاہییں۔ وہ مشرف، ق لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ترجمانی کرتے رہے ہیں، خرید وفروخت کی منڈی میں پوری تحریک انصاف میں باقی کون بچا ہے۔ سینیٹ کے انتخابات میں اگر پی ٹی آئی نے سراج الحق کو ووٹ دیے تھے تو بدلے میں جماعت اسلامی نے ان کے نمائندوں کو تین گنا ووٹ دیے تھے۔ گھاٹ گھاٹ کا پانی پینے اور ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والوں کو زیب نہیں دیتا کہ وہ دوسروں پر کیچڑ اچھالیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی ساتھ نہ دیتی تو کے پی کے میں پی ٹی آئی حکومت دو ماہ بھی قائم نہیں رہ سکتی تھی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خود کہتے ہیں کہ ان کے 20 ایم پی ایز سینیٹ الیکشن میں بک گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کسی ایک ممبر پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ فواد چودھری کو جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جس کی وجہ سے ان کی صوبائی حکومت اپنے پانچ سال پورے کررہی ہے۔