حکمران پاکستان کو سیکولرریاست بناناچاہتے ہیں،میاں زبیر

139

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی68کے امیر میاں زبیرلطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،میاں عبدالستاربیگا،رانانعیم اکرم اور دیگر نے کہاہے کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان کے عوام متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں گے۔موجودہ حکمران پاکستان کو سیکولرریاست بناناچاہتے ہیں۔ امریکا کی مرضی پر عمل کرتے ہوئے توہین رسالتؐ کے ملزمان کوتحفظ دیتے ہیں اورشہید ممتازقادری ؒ جیسے عاشق رسولؐ کو پھانسی دیتے ہیں،ان حکمرانوں کا حساب شروع ہوچکا ہے۔ ان شاء اللہ ایک بابرکت اسلامی انقلاب اس ملک کا مقدربنے گا۔زبیرلطیف نے کہاکہ ہماری بدقسمتی ہے کہ جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں یہ بظاہر جمہوریت اور اسلام کانام لیتی ہیں لیکن کئی کئی بار حکومتوں میں موقع ملنے کے باوجودانہوں نے ہی سب سے زیادہ ملک کے اسلامی تشخص پروارکیاہے،نہ انہوں نے خوداسلامی نظام حیات کو اختیارکیاہے اور نہ ہی آئین اور قانون کے مطابق اسلام کو اس ملک کاقانون بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پربنا اور لاکھوں مسلمانوں نے اس کو حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دیں۔لوگوں نے اس خطے کو اسلام کاقلعہ بنانے کیلیے جائدادیں چھوڑدیں،رشتے داریاں چھوڑدیں،تن کے کپڑے لے کراس ملک میں آگئے مگربدقسمتی سے مٹھی بھر اشرافیہ نے مل کران کے جذبوں کو مجروح کیاہے،ان کی قربانیوں کامذاق اڑایاہے جس کاآج ہم خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان کو ایک باکرداراور جرأت مندقیادت کی ضرورت ہے،جوصرف قرآن وسنت کی بنیادپرہی ممکن ہو سکتی ہے۔ جوبھی پروپیگنڈا دینی جماعتوں کے بارے میں کیاجاتاہے یہ بھی استعمار کا ایجنڈاہے تاکہ دینی شخصیات کوبدنام کرکے لوگوں کو دین سے متنفر کیا جائے لیکن ان شاء اللہ ان کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔