بھاری جانی قربانیاں دیکر اپنی سرزمین پر دہشت گردی ختم کی‘ خرم دستگیر 

34

راولپنڈی (اے پی پی) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بھاری جانی قربانیاں دیکر اپنی سرزمین پر دہشت گردی ختم کی‘120بلین ڈالر سے زاید کے اقتصادی نقصانات برداشت کیے۔ وہ بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزرا دفاع کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہپاکستان نے سیکورٹی فورسزکے جوانوں اور شہریوں کے خون سے اپنی سرزمین پر دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 120بلین ڈالرز سے زاید کے اقتصادی نقصانات ہوئے ہیں‘ منتخب جمہوری حکومت اور پارلیمنٹ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کو اپنایا ہے‘ خطے کو تشدد، انتہا پسندی، غربت،آبی انتظام، منشیات کی اسمگلنگ، پناہ گزینوں اور سرحدی کنٹرول جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے ایس سی او ممبر ممالک کے درمیان دوطرفہ معاملات کا ادراک کرتے ہوئے اپنے ہم منصب کو یقین دلایا کہ کسی کو دو طرفہ معاملات پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔