شمس سواتی ایم ایم اے راولپنڈی کے صدر،ڈاکٹرضیا سیکرٹری منتخب

156

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)متحد ہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی کے انتخابات مکمل ،جماعت اسلامی کے شمس الرحمن سواتی کوضلعی صدرمنتخب کرلیا گیا۔ایم ایم اے کی ڈویژنل انتخابی کمیٹی کی زیرنگرانی سیدمودودیؒ بلڈنگ میں منعقدہ اجلاس میں اتفاق رائے سے تما م عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا ۔سرپرست اعلیٰ مولانا تاج محمدخان،ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹرضیاء الرحمن ،سینئرنائب صدرطارق منیربٹ ،نائب صدور مولانا عبد الغفور توحیدی،محمود علی نقوی ،سردارمحمدبشیر،،ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ، راجا فہیم کیانی ،سیدرضی الحسن ،حافظ محمدصدیق،سیکرٹری اطلاعات قاری ظہیرہزاروی اورسیکرٹری مالیا ت سیدجاوید علی شاہ کو منتخب کیا گیا۔منتخب ہونے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ مذہبی جماعتیں مایوسی کے اندھیروں میں اُمید کی کرن ہیں۔کرپشن اور بدعنوانی سے لتھڑے سیاستدانوں کے مقابلے میں قوم کے سامنے متحدہ مجلس عمل کے قائد ین کی صورت شفاف ،دیانتداراورکرپشن سے پاک قیادت پیش کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا قبلہ واشنگٹن نہیں بلکہ مکتہ المکرمہ اور مدینتہ المنورہہے۔ امریکی غلامی میں جکڑی ہوئی کرپٹ اشرافیہ نے 70برسوں میں قوم کومایوسیوں اورمسائل کے سواکچھ نہیں دیا ۔قوم اپنے ووٹ کی پرچی کے ذریعے ایم ایم اے کے قائدین کی پشتیبانی کرے ،اس کے جواب میں ہم قوم کواسلامی وفلاحی پاکستان کا تحفہ دیں گے۔شمس الرحمان سواتی نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس اتحاد میں وسعت پیداکی جائے،دیانتداراورقوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے افراد اورپارٹیوں کوتنظیم کا حصہ بناکرعام انتخابات میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اورایم ایم اے کی قیادت کوراولپنڈی سے مضبوط پارلیمانی گروپ کا تحفہ دیں گے۔