بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 8 مئی کو پیش کیا جائیگا

113

کوئٹہ(صباح نیوز) بلوچستان کا آئندہ مالی سال 2018-19ء کا صوبائی بجٹ 8مئی کو پیش کیا جائے گا، بجٹ کے حجم کا تخمینہ 350ارب روپے سے زائد ہو گا ، صوبے کے بجٹ پر مشارورت جاری ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حجم کا تخمینہ 350 ارب روپے سے زائد ہوگا جس کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔ صوبے کا بجٹ پہلی بار خاتون مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی پیش کریں گی ۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مخلوط حکومت کا
حصہ ہوتے ہوئے معاشرے کے تمام طبقوں تاجروں، زمینداروں ، ڈاکٹرز، انجینئرز سے لیکر ریڑھی بانوں تک کو بجٹ میں شامل کیا جائے۔ نئے سال کا بجٹ بھی خسارے کا ہی ہوگا، خسارہ لگ بھگ 50 ارب روپے تک ہونیکا امکان ہے جسے اخراجات میں کمی اور سادگی سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے زیر اہتمام گزشتہ ہفتے پری بجٹ مشاورتی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں متعلقہ صوبائی حکام کے علاوہ سول سوسائٹی اور ماہرین منصوبہ بندی اور خزانہ نے شرکت کی تھی۔ بجٹ کے حوالے سے ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے بتایا کہ بجٹ کے لیے مخلوط حکومت میں شامل اراکین سے مشاورت جاری ہے اور اس سلسلے میں صوبے کے مختلف طبقوں کے افراد سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔