قوم کرپشن سے پاک دینی قوتوں کا ساتھ دے، عظیم رندھاوا

100

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے سینئر نائب صدرانجینئر عظیم رندھاوانے کہا ہے کہ ایم ایم اے قائدین 13 مئی کو مینار پاکستان پر ایک بڑے جلسہ عام میں قوم کو موجودہ سرمایہ دارانہ ، جاگیردارانہ اور منافقانہ سیاست کے متبادل نظام کا اعلان کر یں گے،فیصل آباد سے ہزاروں کارکن جلسہ میں شریک ہوں گے، قوم آزمائے ہوئے سیاست دانوں کو آزمانے کی بجائے اس بار کرپشن سے پاک دینی قوتوں کا ساتھ دے، پاناما، دبئی اور لندن لیکس اور قرضے معاف کروانے والوں کی فہرستوں میں کسی دینی جماعت کے رہنما کا نام نہیں آیا،آئندہ الیکشن میں قوم کو سرپرائز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہوا ہے، صرف دینی جماعتوں کی دیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ نظام مصطفی کے سوا امن و انصاف کا اور کوئی راستہ نہیں ، آئندہ عام انتخابات میں سیکولر و لبرل سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں اسلام و نظریہ پاکستان کی محافظ دینی قوتیں ہی فتح یاب ہوں گی ۔ علمائے کرام ہی قوم کی ڈوبتی ناؤ کو کنارے لگاسکتے ہیں،ہم دنیا کو اسلام کے مطابق امن ، ترقی و خوشحالی اور عدل و انصاف کے اصول بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ یا سابقہ حکومتوں میں رہنے والوں کے اندر یہ صلاحیت نہیں کہ وہ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ پر درپیش مسائل سے نکال سکیں ۔ اقتدار کی باریاں لینے ، پارٹیاں بدلنے اور قومی دولت سے جیبیں بھرنے والوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے ۔ آئندہ انتخابات میں عوام صاف ستھرے امیدواروں کو منتخب کر کے ملک سے کرپشن کی جڑوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ پھینکیں گے۔