قومی ورکرز کنونشن ملک میں پھیلے مذہبی طبقات کو متحرک اور منظم کردے گا

116

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ کل اسلام آباد کا قومی ورکرز کنونشن پورے ملک میں پھیلے مذہبی طبقات کو متحرک اور منظم کردے گا۔ ضلع کی تمام تحصیلوں سے ذمے داران اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ ایم ایم اے کی بحالی سے سیکولر قوتوں پرخوف طاری ہے، 2018ء کے انتخابات میں مذہبی قوتیں کامیاب ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی جنرل کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حافظ ضیاء الرحمن، سینئر نائب صدر طارق منیر بٹ، نائب صدور سردار محمد بشیر، محمود علی نقوی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، سیکرٹری اطلاعات قاری ظہیر احمد ہزاروی، ممبران کونسل سمیت سجاد احمد عباسی، شیخ مسعود احمد، سید عتیق الرحمن، حافظ محمد حسین، ارشد عباسی، انعام الحق اعوان و دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اتحادی جماعتو ں نے کل کے کنونشن کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی، جبکہ 11 مئی کواہم اجلاس کی منظوری بھی دی گئی، جس میں الیکشن 2018ء کے لیے امیدواروں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ فحاشی وعریانی پھیلانے والے نہیں بلکہ کرپشن سے پاک مذہبی قوتیں ہی پاکستان کو ایک فلاحی وخوشحال اور مدینہ منورہ جیسی اسلامی ریاست بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اسلام سب سے زیادہ روشن خیال اورجدید مذہب ہے، تنگ نظراور باطل نظریات کے حامل کرپٹ طبقات عوام کے مسائل کوحل نہیں کرسکتے۔