ملک میں مزدور وں کے ساتھ انتہائی ظالمانہ سلوک کیا جارہا ہے

124

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) عالمی مزدورڈے کے موقع پر جماعت اسلامی یوتھ اورآل فیصل آبادگڈزٹرانسپورٹ لیبریونین کے کارکنان نے ٹرک اڈا جھنگ روڈ سے ضلع کونسل چوک تک ریلی نکالی۔شرکا ریلی گاڑیوں،موٹرسائیکلوں اور سائیکلوں پر سوا ر تھے۔ ریلی کی قیادت ضلعی صدرجے آئی یوتھ راناعدنان خان، یونین کے صدر راناتنویر،جنرل سیکرٹری محمدسلیم گجر اور دیگر کر رہے تھے۔ضلع کونسل چوک میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر رانا عدنان نے کہاکہ ملک میں مزدور وں کے ساتھ انتہائی ظالمانہ سلوک کیا جارہا ہے،حکومت جس کی ذمے داری ہے کہ اپنے شہریوں کو زندگی گزارنے کی سہولتیں دے وہ غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے پر تلی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر کوئی خوشحالی نظر آتی ہے تو اس کی وجہ مزدوروں کی دن رات کی محنت ہے،حکومت کااقتدارپورا ہونے کو ہے مگر آج تک وہ اپنے منشور پر عمل کرسکی نہ لیبر پالیسی بنا سکی،انہوں نے کہا حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کوملک کے غریب عوام کے مسائل کا نہ احساس ہے اور نہ ہی وہ ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے کارخانوں کے منافع اور کاشتکاروں کو کھیتوں کی پیداوار میں شریک ہونا چاہئے،محنت کسان اور مزدور کرتے ہیں اور اس کا پھل ان کے بچوں کے منہ میں جانے کی بجائے سرمایہ داروں اور وڈیروں کی تجوریوں میں چلا جاتا ہے،انہوں نے کہاکہ اب تک جتنی بھی حکومتیں آئیں انہوں نے پاکستان کے مزدورطبقہ کااستحصال کیااسے مفلس وکنگال بنادیا، جماعت اسلامی اقتدارمیں آکرمزدوروں کوخوشحال بنادے گی۔بدقسمتی سے پاکستان میں 70سال سے کرپٹ اشرافیہ کی حکمرانی ہے جنہوں نے اپنی نااہلی، کرپشن اور لوٹ مار سے پاکستان کو تباہی سے دو چار کیا ہوا ہے۔ محنت کشوں کو آگے بڑھ کر پاکستان میں تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اگر جماعت اسلامی مضبوط ہوگی تو پاکستان کا غریب محنت کش مضبوط ہوگا۔