حکمرانوں نے بجٹ دھماکے بعد عوام پر پیٹرولیم بم گرادیا ہے،میاں مقصود 

107

لاہور(وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمرانوں نے بجٹ دھماکے بعد عوام پر پیٹرولیم بم گرادیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے نام نہاد عوامی نمائندوں کوغریب عوام کی مشکلات کا ادراک ہی نہیں،وہ محض اقتدارسے لطف اندوزہورہے ہیں۔2018ء کے انتخابات موجودہ حکمرانو ں کے لیے ایک ڈراؤناخواب ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان کو چھو رہی ہیں۔دن پردن بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے اشیاء ضروریہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ملک میں ایک طرف بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کی عوام کش ظالمانہ پالیسیوں نے کسر پوری کردی ہے۔روزگارنہ ملنے کی وجہ سے مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کاراج ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کوپہلے ہی کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیاجانے والا اضافہ فی الفور واپس لیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ۔ ماہ صیام میں دنیا بھر کی حکومتیں مسلمانوں کو ہرلحاظ سے ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں کرتی ہیں مگر لاالٰہ الااللہ کے نام پربننے والے ملک میں خوب لوٹ مار کی جاتی ہے۔رمضان المبارک کے قریب آتے ہی ناجائزمنافع خور،گرانفروش اور ذخیرہ اندوز حکومتی نمائندوں کی ملی بھگت سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے پوری طرح سرگرم ہوجاتے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت غریب عوام کی مشکلات میں دن پردن اضافہ ہوتاچلاجارہا ہے اور ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔حکمرانوں کے اللوں تللوں اور شاہانہ اخراجات پر قابوپالیاجائے تو سالانہ بڑی رقم کوبچایاجاسکتاہے جسے عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کرکے ان کامعیار زندگی بہتر کیا جاسکتا ہے۔