حکومت پنجاب کا رمضان پیکج عوام سے مذاق ہے، رانا طہٰ

109

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی70کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور، رانا نذیر خاں اوردیگرنے کہا ہے کہ پنجاب کے 11 کروڑ عوام کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے اعلان کردہ رمضان پیکج مذاق کے مترادف ہے۔ گیارہ کروڑ افراد کے لیے محض 300 سستے بازار آبادی کے تناسب سے انتہائی کم ہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ حکومتی ریلیف پیکیج کے مقابلے میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوز اور منافع خور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے کروڑ وں روپے منافع کمالیتے ہیں۔ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جاتا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور دیگر ادارے عملاً غیر فعال نظر آتے ہیں۔ بجٹ اور رمضان المبارک کے قریب آتے ہی اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مہنگائی نے عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ لوگوں کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ ملک میں اس وقت افراتفری کا عالم ہے۔ 40 فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ رہی سہی کسر حکمرانوں کی عاقبت نااندیش اور ظالمانہ پالیسیوں نے پوری کردی ہے۔