مسائل کے حل کے لیے قابل عمل منصوبے ترتیب دیے ہیں، عنایت اللہ خان

59

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر صوبائی وزیر برائے بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے قوم کی ترقی کے لیے روڈ میپ تیار کرلیا ہے اور آئندہ انتخابات اسی روڈ میپ کی بنیاد پر لڑیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔ جماعت اسلامی نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کو ترقی کے راستے پر ہم ہی ڈال سکتے ہیں، آئندہ الیکشن میں قوم جماعت اسلامی پراعتماد کریں، ہم قوم کومایوس نہیں کریں گے۔ وہ دیر بالا میں مختلف اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔ عنایت اللہ خان نے کہا کہ قوم کی پسماندگی دور کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اختیار شفاف لوگوں کے ہاتھ میں آئے۔ اللہ کے فضل سے ہم نے پانچ سال اقتدار میں رہ کر ثابت کیا ہے کہ نہ خود کرپشن کی ہے اور نہ کسی کو کرپشن کرنے کی جازت دی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے قوم کے مسائل حل کر نے کے لیے قابل عمل پروگرام ترتیب دیے ہیں، جو مواقع ہمیں ملے ہم نے ان کا صحیح استعمال کیا ہے اور آئندہ اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق قوم کے سامنے ہیں، ہم محض نعرے نہیں لگاتے ہم کرکے دکھاتے ہیں اور کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیر بالا میں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ بالخصوص نوجوان جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے اور یہ بہترین مستقبل کا شگون ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی منظم ترین اور جمہوریت میں سب سے پہلے درجے کی جماعت ہے۔ قوم نے ہمیں بار بار آزمایا ہے اور امانت و دیانت کے میدان میں ہمارے دامن پر کوئی داغ نہیں ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ دیانت دارقیادت ان وسائل کو عوام کے فلاح و بہبود پر خر چ کریں اور صوبے کے عوام کو موجودہ مسائل سے نجات دلائیں۔