عمران فاروق قتل کیس میں 3 ملزمان پر فرد جرم عاید

58

راولپنڈی (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں گرفتار 3 ملزمان پر انسداد دہشت گردی عدالت نے فرد جرم عاید کردی۔ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔ سماعت کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے حتمی چالان بھی پیش کیا گیا جس کے بعد عدالت نے ملزم معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی پر فرد جرم عاید کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے استغاثہ کے 2 گواہوں کیپٹن ریٹائرڈ شعیب اور عبدالمنان کو بیان قلم بند کرانے کیلیے 8 مئی کو طلب کرلیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ شعیب نے ملزمان کا اقبالی بیان قلمبند کیا تھا۔ عدالت نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے دائمی وارنٹ جاری کرتے ہوئے ان کی جائداد بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دے دیا، بانی ایم کیو ایم بھی مقدمے میں نامزد ملزم ہیں۔