نئے اسلام آباد ائرپورٹ کیلیے لیاقت علی خان کے نام کی تجویز مسترد

333

کراچی (رپورٹ: محمد انور) مسلم لیگ نواز کی حکومت نے نئے اسلام آباد ائرپورٹ کا نام پاکستان کے پہلے وزیراعظم اور تحریک پاکستان کے عظیم رہنما نواب زادہ خان لیاقت علی خان کے نام سے موسوم کرنے سے انکار کردیا‘ اس ضمن میں وفاقی حکومت کی خصوصی کمیٹی کی تجویز کو مسترد کردیا گیا۔ اس بات کا انکشاف سینیٹ پاکستان کے ذرائع نے کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تجویز پر تادیر غورو خوض کرنے کے باوجود اسے تسلیم نہیں کیا گیا اور چند روز قبل موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی کیبنٹ کی منظوری سے اس بین الاقوامی ائرپورٹ کا نام ’نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ‘ رکھ دیا۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے مذکورہ ائرپورٹ کی تعمیرات کے آخری مراحل میں ائرپورٹ کے نام کے لیے وفاقی کابینہ کی4 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی‘ کمیٹی سے3 نام طلب کیے گئے تھے‘ یہ کمیٹی سینیٹر اور وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ حاصل بخش بزنجو کی چیئرمین شپ میں قائم کی گئی تھی۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ گزشتہ سال جولائی میں پیش کردی تھی تاہم 28 جولائی کو نواز شریف کی نااہلی کی وجہ سے اس رپورٹ پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے ائرپورٹ کے لیے نواب زادہ لیاقت علی خان ، محترمہ فاطمہ جناح اور گندھارا تہذیب کے حوالے سے گندھارا اسلام آباد ائرپورٹ کا نام تجویز کیا تھا لیکن پہلی تجویز یہ تھی کہ اس ائرپورٹ کو ملک کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کے نام سے موسوم کیا جائے۔ کمیٹی نے اپنی سفارش میں یہ بھی لکھا تھا کہ چونکہ لیاقت علی خان کے نام پر ابھی تک کسی بڑی عمارت کا نام نہیں ہے اس لیے ان کے نام پر ائرپورٹ کا نام رکھا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے اس تجویز کو مسترد کر دیا اور کابینہ کے اجلاس میں ائرپورٹ کا نام ” نیو اسلام آباد ائرپورٹ ” رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ کابینہ نے اپنی سیاسی جماعت کے قائد میاں نواز شریف سے نہ رائے طلب کی اور نہ ہی ان کی خواہشات کو مدنظر رکھا۔ واضح رہے کہ نیا ائرپورٹ اسلام آباد کی حدود میں نہیں ہے بلکہ اسلام آباد سے دور پنجاب کے ضلع فتح جھنگ میں تعمیر کیا گیا ہے۔ خیال ہے کہ فتح جھنگ میں ہونے کی وجہ سے اسے نیو اسلام آباد کا نام دیا گیا ہے‘ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد ائرپورٹ کی تعمیر کا منصوبہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بنایا گیا تھا۔ اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز نے بھی بحیثیت وزیراعظم اس ائرپورٹ کا نام’نواب زادہ خان لیاقت علی خان انٹرنیشنل ائرپورٹ‘ رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا تھا۔