جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ

172

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماؤں میں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما خسرو بختیار نے 9 اپریل کو پارٹی چھوڑنے اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کیا جبکہ پریس کانفرنس میں (ن) لیگ کے 8 ایم این ایز اور 2 ایم پی ایز نے پارٹی سے استعفا دیا۔مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی کے بعد تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان مذاکرات جاری تھے اور اس سلسلے میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی مذاکرات کررہی تھی۔تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنما آج عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا اعلان کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور صوبہ جنوبی پنجاب محاذ میں بیک ڈور ڈوپلومیسی کے 10سے زائد ادوار ہوئے جس کے بعد دونوں کے درمیان انتخابی اتحاد کی شرائط طے پائیں۔ پی ٹی آئی حکومت ملنے کی صورت میں پہلے 100 دن میں نئے صوبے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی پابند ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ جنوبی پنجاب محاذ کے 20 سے زائد ارکان کل عمران خان سے ظہرانے پر ملاقات کریں گے، ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے اس حوالے سے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے مذاکرات کامیاب ہونے کی تصدیق کی۔