پنج پائی سرحد پر باڑ لگانے سے دہشتگرد ی میں کمی واقع ہوگی‘ عبدالقدوس بزنجو

139

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سرحد پر باڑ لگا نے اور کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ سے دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پاک افغان سرحدی علاقے پنج پائی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام سے سرحدی معاملات پر بریفنگ لی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ یہ سرحد انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اس راستے سے دہشت گرد باآسانی پاکستان آتے اور کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کرتے تھے۔ سرحد پر حفاظتی باڑ لگا نے کی شدید ضرورت تھی لیکن افغانستان کے ساتھ چند معاملات کی وجہ سے باڑ نہیں لگائی جاسکی۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے، سرحد پر باڑ لگا نے اور کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ دہشت گردی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا۔