امریکی ملٹری اتاشی کو تحفظ فراہم کرنے والا سیکورٹی افسر دوبارہ گرفتار

193

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد میں گزشتہ ماہ امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو تحفظ فراہم کرنے والے سیکورٹی افسر کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار سیکورٹی افسر تیمور پیرزادہ کا تعلق دفتر خارجہ سے ہے جسے دوران انکوائری اے آئی جی کے حکم پر حراست میں لیا گیا، امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو موقع سے بھگانے والے دیگر سیکورٹی عملے کی بھی گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 7 اپریل کی سہ پہر 3 بجے امریکی ملٹری اتاشی نے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کے قریب سگنل توڑ کر موٹرسائیکل سوار 2 افراد کو کچل دیا تھا۔ حادثے میں عتیق بیگ موقع پر جاں بحق اور اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا جبکہ پولیس نے سفارتی استثنا کے باعث کرنل جوزف کو جانے کی اجازت دی تھی۔