ٹی وی چینلز پراذان نشرکرنے اور بیہودہ پروگرامات کی بند ش خوش آئند ہے،میاں مقصود

137

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ٹی وی چینلز کو پانچ وقت کی اذان نشرکرنے اور رمضان المبارک کے مہینے میں بے ہودہ پروگرامات کی بندش کا حکم خوش آئند ہے۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مغربی کلچر اور ہندوانہ تہذیب کوفروغ دیتے ہوئے ملک کے اسلامی تشخص کو مجروح کرنے کے لیے معاشرے میں بے حیائی کو عام کیا جارہا ہے۔ اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے تمام الیکٹرونک میڈیا کو پیمراکے ذریعے کوڈ آف کنڈکٹ کا پابند بنانا، رمضان کے دوران ٹی وی چینلز پر نیلام گھر اور سرکس لگانے پر پابندی کو پوری پاکستانی قوم سراہتی ہے۔ اسلام کا تمسخر اڑانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دیگر امور میں ناکامیوں کی طرح اسلامی شعائرکے تحفظ میں بھی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔حکومت وقت کی ذمے داری ہے کہ وہ اسلامی عقائد کاتحفظ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر بے حیائی کا سیلاب امڈ آیا ہے، جس سے معاشر ہ تباہ و برباد ہو رہا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ حکومت کو لوٹ مار کے سواکوئی کام نہیں۔انہوں نے کہاکہ ساراسال ناچنے اور گانے والے رمضان المبارک کی نشریات میں سرپر دوپٹہ اوڑھ کر شلوار قمیض اور واسکٹ پہن کر ایک نیاروپ دھار لیتے ہیں اور عوام کو دین سکھنانے لگتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایسے کرداروں کی نفی مثبت اقدام ہے۔ دینی موضوعات پر جید علما کرام کو مدعو کیا جانا چاہیے تاکہ اسلام کا حقیقی پیغام عام لوگوں تک پہنچ سکے۔