اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی نا اہلی کا ثبوت ہے

168

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے امیر رانا طہٰ خاں، میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور نے کہا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ موجودہ حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور پیٹرول، مرغی کی قیمتوں میں اضافہ اور اب اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور حکومت بے بس اور لاچار دکھائی دیتی ہے، حتیٰ کہ اتوار بازاروں میں بھی عوام کو سستی اور معیاری اشیا میسر نہیں ہیں۔ حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے نرخ تو مقرر کردیتی ہے لیکن ان پر عملدر آمد کرانے پر کوئی توجہ نہیں، چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے گراں فروشی عروج پر ہے۔ حکومت مہنگائی کو قابو کرنے کے دعووں میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے اور رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے کی آمد سے پہلے ہی عوام کو پریشان کردیا ہے۔ عوام مہنگی اشیا خریدنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں میں بے چینی، اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔