فٹ بال کے بعد نیٹ بال کھیل اس فہرست میں شامل ہے جو دنیا کا مقبول ترین کھیل کہلاتا ہے۔ کھیلوں کی تفصیلات رکھنے والے ادارے کے مطابق یہ کھیل دنیا کے 104ممالک میں کھیلا جاتا ہے ۔ ان میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے اور ملک میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، پاکستان میں اس کھیل کی تنظیم 1996 ء میں وجود میں آئی اور1998 ء پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کا الحاق پاکستان ا سپورٹس بورڈ سے ہوا، پاکستان نے اس کھیل میں بین الاقوامی سطح پر کئی میڈلز حاصل کر رکھے ہیں، لیکن اس سلسلے میں کھلاڑی ابھی حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی کے منتظر ہیں۔صحت مند معاشرے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے جس کے لئے حکومت کو ملک میں کھیلوں کے مقابلوں کے لئے اقدامات اٹھانا ہونگے اور ملک میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے کی ضرورت پر زور دینا چاہئے جس سے نوجوان نسل مختلف معاشرتی برائیوں سے بچ سکے۔سوال یہ ہے کہ یہ کام ہے کس کے کرنے کا ؟ کون اس کو آگے لے کر جائے گا؟ کس طرح اس کام کو انجام دیا جائے گا؟ مالی اور افرادی قوت و کورٹس کی فراہمی اور نئے کورٹس بنانے کے لیے کس طرح کے اسکلز رکھنے والوں سے رابطہ کیا جائے گا؟ ان سب سوالات کا جواب تو یقیناًفیڈریشنز اور ادارے ہی دے سکتے ہیں۔ فلحال تو چند روز قبل پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام 16 ویں قومی نیٹ بال چیمپئن شپ کا دارالحکومت میں قائم جناح اسپورٹس کمپلیکس میں انعقاد ہوا جس میں مرد و خواتین نے حصہ لیا اس کی روداد قارئین کی نذر ہے۔ چندروز قبل وفاقی دارالحکومت کے کھیلوں کے سب سے بڑے مرکز جناح ا سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں کھیلی گئی پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام16 ویں قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ میں خواتین کے ایونٹ میں سندھ اور مردوں کے ایونٹ میں پاکستان واپڈا نے چیمپیئن ہونے کاعزاز حاصل کرلیا جبکہ خواتین کے ایونٹ پاکستان واپڈا اور مردوں کے ایونٹ میں پاکستان ائیرفورس نے دوسری پوزیشن حاصل کی، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے خواتین اور مردوں کیدونوں ایونٹس میں تیسری پوزیشن حاصل کی، چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیاتی شعیب احمد صدیقی تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں، اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں،نائب صدر ملک ثمین، سیکرٹری جنرل محمد ریاض، واپڈا اسپورٹس بورڈ کے سیکرٹری جنرل محمد رزاق گل، ائیرفورس ا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر گروپ کیپٹن عامر نواز، اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کرنل (ر) غلام مرتضی، سیکرٹری رانا تنویر احمد پاکستان ا سپورٹس بورڈ کے سوئمنگ پول انچارج سعید اختر، پاکستان لان بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا مقصود وسیم، پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں کے علاوہ کھلاڑیوں اور شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، خواتین کا فائنل میچ پاکستان واپڈا اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سندھ نے پاکستان واپڈا کوایک سخت مقابلے کے بعد 24۔22 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، مردوں کا فائنل میچ پاکستان واپڈا اور پاکستان ائیرفورس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان واپڈا نے پاکستان ائیرفورس کو ایک سخت مقابلے کے بعد 29۔26 گول سے شکست دے کر چیمپیئن ہونے کاعزاز حاصل کیا۔ فائنل سے قبل خواتین ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے میچ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پنجاب کو 28۔12 گول سے شکست دی، مردوں کی تیسری پوزیشن کے میچ میں بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستان پولیس کو ایک سخت مقابلے کے بعد 28۔27 گول سے شکست دی، چیمپیئن شپ کا افتتاح پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں، سیکرٹری جنرل محمد ریاض، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز منصوراحمد، شاہد اسلام، ڈائریکٹر محمد اعظم ڈار ، ڈائریکٹر راجہ ذوالفقار، اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رانا تنویر احمد کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ خواتین کے ایونٹ میں10 ٹیموں نے حصہ لیا جن کو4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے میں سندھ، ایلیٹ پی این ایف، آزاد جموں و کشمیر، گروپ بی میں پاکستان واپڈا اور خیبر پختو نخوا، گروپ سی میں پنجاب اور اسلام آباد، گروپ ڈی میں بلوچستان، گلگت بلتستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں شامل ہیں مردوں کے ایونٹ میں11ٹیمیں مدمقابل رہیں اور انہیں بھی 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا گروپ اے میں پاکستان واپڈا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان، گروپ بی میں پاکستان ائیرفورس، بلوچستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن، گروپ سی میں سندھ اور فاٹا جبکہ گروپ ڈی میں فائنل کے موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے کہا کہ قومی نیٹ با ل چیمپئن شپ کے دوران خواتین کی مضبوط قومی ٹیم کی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا سید توقیراحمد( بلوچستان) سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین جبکہ دیگر ممبران میں کرنل (ر) غلام مرتضی شاہ، مشرف خان (پاکستان واپڈا )، محمد رضوان (پنجاب )انوار احمد انصاری (قومی امپائر) اور محمد ریاض (سیکرٹری جنرل، پی این ایف) شامل تھے۔ چیمپیئن شپ کے دوران شاندارکارگردگی کا مظاہرہ کرنے والی 30 خواتین کھلاڑیوں کا چناؤ عمل میں آیا جن کا تربیتی کیمپ کراچی میں یکم جولائی سے لگے گا ۔