جھوٹے دعویداروں اور بہروپیوں سے نجات حاصل کرنے کا وقت آگیا، میاں مقصود

172

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ 13مئی کامینارپاکستان پر ہونے والا ایم ایم اے کاجلسہ عام تاریخی ثابت ہوگا جوملک میں سیاسی فضا خوشگوار اور دینی جماعتوں کے اتحاد کو پذیرائی اور کارکنان میں نیاجوش وولولہ اور جذبہ پیداکرے گا۔پاکستان کے عوام نے مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کی کرپشن کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی نام نہاد تبدیلی کو بھی دیکھ لیا ہے۔اب وقت آگیاہے کہ جھوٹے اور کھوکھلے دعویداروں اور بہروپیوں سے نجات حاصل کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفترمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں85فیصد نوجوان اسلامی شریعت کے حامی ہیں۔وہ سیکیولر اور لبرلزسے تنگ آچکے ہیں اور ملک میں شرعی نظام چاہتے ہیں۔70برسوں سے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے کرپٹ اور مفاد پرستوں کو قوم اچھی طرح پہچان بن چکی ہے۔ 2018ء کا الیکشن ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوگا۔ موجودہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت ملک وقوم مسائل کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دینی جماعتیں ہرقسم کی کرپشن کے الزامات سے پاک ہیں۔ ہمارے کسی فرد کانام پاناما لیکس، پیرا ڈائز لیکس اور دبئی لیکس سمیت کرپشن کے کسی اسکینڈل میں آج تک نہیں آیا۔اس ملک کو جرات مند،بے داغ، باکردار ،صاف ستھری اور پڑھی لکھی محب وطن قیادت صرف اور صرف متحدہ مجلس ہی دے سکتی ہے۔میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ آج کامینار پاکستان کے مقام پرہونے والاجلسہ عام ملک میں بڑی اور مثبت تبدیلی کاپیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک بحرانوں کی زد میں ہے۔ عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔روزگار کے مواقع ناپید ہوکر رہ گئے ہیں۔رہی سہی کسر لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، عوامی استیصال، اقربا پروری، موروثیت، میرٹ کی بے حرمتی نے پوری کردی ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لے کر دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ عوام ہماراساتھ دیں،متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوکر ملک وقوم کو روشن مستقبل دے گی۔