ممبئی حملوں میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں،نواز شریف کے بیان پر بھارتی میڈیا چلا اٹھا

1166

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں متحرک عسکریت پسند تنظیمیں ممبئی میں بھارتی شہریوں کی ہلاکت کی ذمے دارہیں، نواز شریف کے متنازع بیان پر بھارتی میڈیا چلا اٹھا اور اسے بھارت کی فتح قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان میں متحرک عسکریت پسند تنظیمیں ملوث تھیں، یہ لوگ ممبئی میں ہونے والی ہلاکتوں کے ذمے دار ہیں، مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انہیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150 لوگوں کو قتل کردیں۔نواز شریف نے یہ بات ملتان میں ریلی کے دوران مقامی اخبار ’’ڈان‘‘کے صحافی سرل المیڈا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ دہشت گرد تنظیمیں پاکستان میں متحرک ہیں، آپ انہیں غیر ریاستی عناصر کہہ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں 2 یا 3 متوازی حکومتیں ہوں تو آپ وہ ملک نہیں چلا سکتے، ا س کے لیے صرف ایک آئینی حکومت کا ہونا ہی ضروری ہے۔انہوں نے ممبئی حملوں کے راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلنے والے مقدمے کے حوالے سے کہا کہ اس مقدمے کی کارروائی ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوسکی؟ ہماری عدالتوں میں ممبئی حملوں کے ملزمان کا ٹرائل اب تک کیوں مکمل نہ ہوا؟۔دوسری جانب بھارتی اخبار نے نواز شریف کے اس بیان کو سر پر اٹھا لیا، ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبر میں لکھا کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نے ممبئی حملوں کا ذمے دار کالعدم پاکستانی تنظیموں کو قرار دے دیاہے جو بھارت کی فتح ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق نوازشریف نے اعتراف کیا ہے کہ ممبئی حملے پاکستانی دہشت گردوں نے کیے۔اس حوالے سے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے اس بیان کو بھارتی میڈیا بھارت کی فتح قرار دے رہا ہے۔میاں نواز شریف کا پاکستان مخالف بیانیہ کس کو خوش کرنے کے لیے ہے؟ کیا یہ وہی ایجنڈا ہے جس کے لیے بلیک لسٹ بھارتی صحافی انٹرویو کرنے پاکستان آرہے تھے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان مخالف ایجنڈے کے لیے میاں صاحب نے ڈان لیکس کے بعد ایک بار پھرسرل المیڈا اور ڈان کا استعمال کیا ہے، آخر کار میاں نواز شریف پاکستان دشمنی سے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ کسی بھارتی عہدیدار نے کشمیر یا بلوچستان میں بھارتی مداخلت پر کبھی کچھ نہ کہا۔نوازشریف نے کبھی بھی بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو سے متعلق کچھ نہیں کہا نواز شریف نے 2016ء میں یو این تقریر میں بھی کلبھوشن یادیو کا نام تک نہ لیا۔ نریندرمودی سے ذاتی دوستی کی میاں صاحب کیا کیا قیمت ادا کریں گے؟۔