رمضان میں بے ہودہ ٹی وی پروگرام کی بندش خوش آئند ہے

150

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ٹی وی چینلز کو پانچ وقت کی اذان نشر کرنے اور بے ہودہ پروگرامات کی بندش کے حکم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے تمام الیکٹرونک میڈیا کو پیمرا کے ذریعے کوڈ آف کنڈیکٹ کا پابند بنانا، رمضان کے دوران ٹی وی چینلز پر نیلام گھر اور سرکس لگانے پر پابندی کو پوری پاکستانی قوم سراہتی ہے۔ اسلام کا تمسخر اڑانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بدقسمتی سے دیگر امور میں ناکامیوں کی طرح اسلامی شعائر کے تحفظ میں بھی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ حکومت وقت کی ذمے داری ہے کہ وہ اسلامی عقائد کا تحفظ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر بے حیائی کا سیلاب امڈ آیا ہے، جس سے معاشرہ تباہ و برباد ہورہا ہے، سارا سال ناچنے اور گانے والے رمضان المبارک کی نشریات میں نیا روپ دھار لیتے ہیں اور عوام کو دین سکھانے لگتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایسے کرداروں کی نفی مثبت اقدام ہے۔ دینی موضوعات پر جید علما کرام کو مدعو کیا جانا چاہیے تاکہ اسلام کاحقیقی پیغام عام لوگوں تک پہنچ سکے۔